بھارت کے ایک اور معروف اداکار، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر انتقال کرگئے

ویب ڈیسک: ملیالم فلم انڈسٹری کی مقبول شخصیت، اداکار، اسکرین رائٹر، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر سری نیواسن ہفتے کے روز 20 دسمبر کو 69 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔اداکار کے انتقال کی خبر معروف میڈیا ادارے ’’ماتھروبھومی‘‘ نے دی۔
رپورٹس کے مطابق سری نیواسن کو ہفتے کی صبح ڈائیلاسز کے لیے ہسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ اچانک طبیعت مزید بگڑ گئی انہیں فوری طور پر تریپونیتھورا تعلق ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں صبح 8:30 بجے ان کا انتقال ہوگیا۔
سری نیواسن کو ملیالم سینما میں ایک ہمہ جہت فنکار کے طور پر جانا جاتا تھا۔ اداکاری سے لے کر لکھاری، ہدایت کاری اور پروڈکشن تک انہوں نے ہر شعبے میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ وہ اپنی صاف گو تحریروں، منفرد مزاح اور معاشرتی مسائل پر گہری سوچ کے باعث بڑے پیمانے پر پسند کیے جاتے تھے۔