میری خوشی کو لوگوں نے اذیت بنا دیا” — ڈاکٹر نبیحہ کا انکشاف

“جب میری شادی اچانک وائرل ہوئی تو میں ایسی ذہنی اذیت میں چلی گئی جس کا میں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔ جن دنوں میں خوشی ہونی چاہیے تھی، وہی میرے لیے ایک ڈراؤنے خواب میں بدل گئے۔ ہر طرف سے تنقید اتنی شدید تھی کہ ایک موقع پر میں نے حارث سے طلاق کا سوچنا بھی شروع کر دیا۔ میری ذہنی کیفیت بُری طرح متاثر ہوئی اور میں اندر سے ٹوٹ چکی تھی۔ اس پورے دور نے مجھے جتنا تکلیف دی، وہ صرف میں جانتی ہوں۔ میرے خوشی کے دن دوسروں نے پچھتاوے میں بدل دیے۔”
ڈاکٹر نبیحہ علی خان، جو کہ ایک ماہرِ نفسیات اور سوشل میڈیا پر معروف چہرہ ہیں، اپنی شادی کے بعد ایسی غیر متوقع توجہ کا مرکز بنیں جو خوشی کے بجائے شدید آزمائش ثابت ہوئی۔
ان کا نکاح حارث کھوکھر سے ہوا جسے مولانا طارق جمیل نے اپنے گھر میں پڑھایا۔ سادگی کی وجہ سے شادی نے پہلے تو محبت اور پذیرائی سمیٹی، مگر چند گھنٹوں میں انٹرنیٹ بھر میں بحث چھڑ گئی۔
اصل صورتحال تب بگڑی جب نکاح کے اخراجات اور دلہن کے لباس و زیور کی قیمت سامنے آئی۔ چند ہی لمحات میں عوامی تعریفیں تنقید میں تبدیل ہو گئیں اور نبیحہ و حارث کو سخت ردِعمل کا سامنا کرنا پڑا۔ جن لمحوں میں انہیں اپنی نئی زندگی کا آغاز سکون سے کرنا چاہیے تھا، وہی لمحے نبیحہ کے لیے شدید ذہنی دباؤ کا سلسلہ بن گئے۔