اپنی چھت اپنا گھر پروگرام شروع

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اپنی چھت اپنا گھرسکیم‘‘کے تحت بلاسود قرض سے مستفید ہونےوالے افراد کیلئے سہولیات میں مزید اضافہ کردیاگیا۔بلاسودملنے والا قرض جلد واپس کرنے پر 20 فیصد تک رعایت دینے کی سفار ش کی گئی ہے،قرض کی مدت کے دوران فوت ہونیوالوں کے قرض معاف اورمعذور ہونے پر بھی رعایت دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
وزیر اعلی ٰپنجاب کی ہدایت پر قرض واپسی میں آسانی پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے،پروگرام میں بلاسود 10سال کے لیے 15 لاکھ قرض دیا جاتا ہے۔ صوبائی کابینہ کی منظوری کے مطابق رعایت کے لیے لائحہ عمل کی تیاری شروع کردی گئی ہے ،سیکرٹری ہاؤسنگ کی ہدایت پر ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں مرزا ولید بیگ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی،اجلاس میں اخوت، این ایس آر پی اور تمام مائیکروفنانس اداروں نے عملی تجاویز پیش کیں۔ ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان نے رعایت کے اطلاق کیلئے ایس او پیز جلد مکمل کرنیکی ہدایت کردی،ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان کاکہناہے کہ رعایت کا اطلاق 10سالہ قرض 3سے 6 سال میں واپس کرنے پر ہو گا،ایس او پی جلد صوبائی وزیر بلال یاسین اور سیکرٹری ہاؤسنگ کو پیش کئے جائیں گے۔