تعمیراتی شعبے کیلئے خوشخبریسیمنٹ کی بوری کی قیمت میں بڑی کمی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) گزشتہ ہفتے کے دوران ملک میں سیمنٹ کی ریٹیل قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق یکم جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک کے مختلف شہروں میں سیمنٹ کی قیمتوں میں ہلکا سا اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط ریٹیل قیمت 1387 روپے ریکارڈ کی گئی، جو اس سے گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 0.27 فیصد کم ہے۔ پیوستہ ہفتے ملک کے شمالی شہروں میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط ریٹیل قیمت 1391 روپے تھی، جس کے مقابلے میں حالیہ ہفتے میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
دوسری جانب ملک کے جنوبی شہروں میں سیمنٹ کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی ریکارڈ نہیں کی گئی۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے مطابق یکم جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران جنوبی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط ریٹیل قیمت 1446 روپے رہی، جو گزشتہ ہفتے کے برابر ہے۔
شمالی شہروں میں شہر وار اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط ریٹیل قیمت 1367 روپے رہی، جبکہ راولپنڈی میں یہ قیمت 1361 روپے ریکارڈ کی گئی۔ گوجرانوالہ میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط قیمت 1420 روپے، سیالکوٹ میں 1400 روپے، لاہور میں 1457 روپے، فیصل آباد میں 1380 روپے، سرگودھا میں 1400 روپے، ملتان میں 1411 روپے اور بہاولپور میں 1413 روپے ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح پشاور میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط ریٹیل قیمت 1353 روپے جبکہ بنوں میں 1300 روپے رہی۔