Friday, August 29, 2025
Urdu News

لاہور میں لرزہ خیز سانحہ ، داماد کے ہاتھوں سسر، بیوی اور دو بچوں کا قتل

لاہور کے علاقے تھانہ ہیر کی حدود میں ایک ایسا خوفناک واقعہ پیش آیا جس نے سب کو دہلا کر رکھ دیا۔ ایک شخص نے اپنے ہی سسرال کے چار افراد کو چھریوں کے وار سے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

پولیس کے مطابق مقتول 55 سالہ مرزا صاحب اپنی فیملی کے ہمراہ ڈولمن مال گئے تھے جہاں شاپنگ اور ڈنر کے بعد وہ رات گئے گھر واپس لوٹے۔ جیسے ہی مرزا صاحب نے تنگ گلی میں واقع اپنے گھر کا دروازہ کھولا تو پہلے سے چھپا ہوا داماد عمران ان پر جھپٹ پڑا اور چھری سے پے در پے وار کر دیے۔ مرزا صاحب موقع پر جاں بحق ہوگئے۔

چیخ و پکار سن کر گھر کے دیگر افراد بھی باہر نکلے۔ ملزم نے پہلے اپنی بیوی فوزیہ پر حملہ کر کے قتل کر دیا، پھر 15 سالہ علی رضا کو بھی وار کر کے مار ڈالا۔ 14 سالہ زینب نے بھاگنے کی کوشش کی تو اسے بھی گلی میں جا کر چھری مار دی۔ چاروں لاشیں خون میں لت پت گر گئیں اور محلہ خوف و ہراس کا شکار ہوگیا۔

عینی شاہدین کے مطابق ملزم واردات کے بعد فرار ہوگیا۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ عمران نشے کا عادی اور جرائم پیشہ تھا، جسے پہلے بھی دو سال قید کی سزا ہوچکی تھی۔ رہائی کے بعد اس کی اپنی بیوی اور سسرال والوں سے شدید رنجش چل رہی تھی۔

پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے اور اہل علاقہ کو یقین دلایا ہے کہ بہت جلد اسے گرفتار کر لیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *