Urdu News

پاکستان کو سیمی فائنل میں جانے کیلیے سری لنکا کو کتنے رنز سے ہرانا ہوگا؟

کولمبو (26 فروری 2026): نیوزی لینڈ کی سری لنکا کے خلاف بڑے مارجن سے فتح نے پاکستان کے لیے سیمی فائنل جانے کی راہ مزید مشکل کر دی۔

گزشتہ روز آئی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں نیوزی لینڈ نے میزبان سری لنکا کو 61 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر نہ صرف اس کو ورلڈ کپ سے باہر کر دیا بلکہ پاکستان کے لیے بھی مشکلات کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔

گرین شرٹس کے سیمی فائنل میں جانے کی واحد امید جمعہ کو نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے میچ پر منحصر ہے۔ انگلش ٹیم کی فتح اگر مگر کی صورتحال کے ساتھ پاکستان کا چانس برقرار رکھے گی جب کہ نیوزی لینڈ جیتی تو گرین شرٹس کا میگا ایونٹ میں قصہ ختم اور اس کا سری لنکا سے آخری میچ بس رسمی ہوگا۔

سری لنکا سے فتح کے بعد نیوزی لینڈ کا رن ریٹ گروپ 2 میں سب سے زیادہ یعنی 3.050 ہے، لیکن وہ صرف ایک میچ جیت کر تین پوائنٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ انگلینڈ کا رن ریٹ نیوزی لینڈ سے کم 1.494 ہے لیکن وہ دو فتوحات کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے جب کہ پاکستان کا رن ریٹ 0.461- ہے اور وہ تیسرے نمبر پر ہے۔

گرین شرٹس کے سیمی فائنل میں جانے کے امکانات برقرار رکھنے کے لیے پہلے تو پاکستانیوں کو 1992 کے ورلڈ کپ اور 2017 کی چیمپئنز ٹرافی کی طرح رمضان کے بابرکت لمحات میں جمعہ کو انگلینڈ کی نیوزی لینڈ کو بڑے مارجن سے ہرانے کی دل سے دعائیں مانگنا ہوں گی اور دعا قبول ہونے کی صورت میں اگلے روز اپنی ٹیم کی فتح کے لیے ہاتھ دعا کے لیے اٹھانے ہوں گے۔

رن ریٹ کا گیم ایسا ہوگا کہ اگر انگلینڈ نیوزی لینڈ کو کم سے کم 20 رنز سے ہراتا ہے تو پاکستان کو اپنے آخری میچ میں سری لنکا کو لازمی تقریباً 50 رنز سے ہرانا ہوگا۔

ان نتائج کی صورت میں نیوزی لینڈ اور پاکستان دونوں کے تین تین پوائنٹس ہو جائیں گے لیکن شاہین رن ریٹ پر کیویز کو پچھاڑ کر سیمی فائنل میں قدم رکھ دیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *