Urdu News

پٹرول 280 روپے فی لیٹر، حکومت نے بڑا اعلان کر دیا

 بلوچستان حکومت نے ایرانی اسمگل شدہ پیٹرول کی قیمت 280 روپے فی لیٹر مقرر کر دی ہے اور واضح کیا ہے کہ اس سے زیادہ قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

سرکاری حکام کے مطابق وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں ایرانی پیٹرول ایک طے شدہ سرکاری قیمت پر فروخت کیا جائے گا تاکہ مارکیٹ میں بے ضابطگیوں اور منافع خوری کو روکا جا سکے۔

 قلات کے ڈپٹی کمشنر منیر احمد درانی نے کہا کہ ایرانی پٹرول صرف بلوچستان کے اندر ہی فروخت کیا جائے گا اور اسے صوبے سے باہر منتقل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ نرخ سے زیادہ قیمت لینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے درآمدی پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد بعض عناصر نے ایرانی پیٹرول کی قیمتیں بھی بڑھا دی تھیں، جو 300 سے 360 روپے فی لیٹر تک وصول کی جا رہی تھیں، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔

 حکام کے مطابق اس فیصلے کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور غیر قانونی منافع خوری کو روکنا ہے۔ انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ قیمتوں کی نگرانی کے لیے خصوصی چیکنگ کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی ہوگی۔

صوبائی حکام نے مزید کہا کہ ایرانی پٹرول کی ترسیل اور فروخت کے نظام کو بھی منظم بنایا جائے گا تاکہ اس کاروبار میں شفافیت لائی جا سکے اور غیر قانونی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی ہو

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *