Monday, August 25, 2025
Urdu News

30 روپے کے جھگڑے پر دو بھائی جان سے گئے

30 روپے کے معمولی جھگڑے میں پہلے چھوٹا بھائی واجد انتقال کر گیا، اور اب صرف ایک دن بعد بڑا بھائی راشد بھی ہسپتال میں انتقال کر گیا ہے۔
دو بھائیوں پر بہیمانہ تشدّد ہوا—ایک جان کی بازی ہار گیا اور دوسرا کومے کی حالت میں کئی گھنٹے زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔

تفصیلات کے مطابق یہ دونوں بھائی گاؤں رتی پنڈی (ضلع قصور) کے رہائشی تھے۔ وہ لاہور سے اپنے گھر واپس جا رہے تھے۔ مبیّنہ طور پر راستے میں رائیونڈ کے قریب گاؤں بھمبھ (جائے وقوعہ) سے ایک درجن کیلے 130 روپے میں خریدے۔ ان کے پاس ایک سو روپے کا نوٹ اور باقی صرف پانچ ہزار کے نوٹ تھے۔ چونکہ فروٹ والے کے پاس پانچ ہزار کا کھلا نہیں تھا، لہٰذا بھائیوں نے کہا کہ ہمارے پاس سو روپے ہیں، یہ لے لو یا پھر 30 روپے کے کیلے واپس کر دو۔

اسی بات پر تکرار شروع ہوئی۔ فروٹ فروش نے گالیاں دینا شروع کر دیں اور اپنے دوستوں کو فون کر کے بلا لیا۔ قریبی میدان میں کرکٹ کھیلتے اس کے دوست فوراً آ گئے اور بغیر کوئی تحقیق کیے دونوں بھائیوں کو بے رحمی سے مارنا شروع کر دیا۔

شدید زخمی حالت میں دونوں بھائیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ چھوٹا بھائی زخموں کی تاب نہ لا سکا اور پہنچتے ہی دم توڑ گیا، جبکہ بڑا بھائی، جسے سب سے آخر میں بیٹ مارا گیا تھا، کومے میں چلا گیا اور ایک دن بعد وہ بھی زندگی کی بازی ہار گیا۔

میں اربابِ اختیار اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے پرزور اپیل کرتا ہوں کہ اس دل خراش واقعے کی مکمل تحقیقات کروائی جائیں اور قاتلوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *