پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما انتقال کر گئے

کراچی میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیرِ اعلیٰ سندھ، آفتاب شعبان میرانی انتقال کر گئے۔ ان کے بیٹے نے ان کے انتقال کی تصدیق کی۔ آفتاب شعبان میرانی ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔
ان کی نمازِ جنازہ آج (ہفتہ) رات 10 بجے بیت الاسلام مسجد، ڈیفنس فیز فور میں ادا کی جائے گی، جبکہ تدفین گزری قبرستان میں ہوگی۔
مرحوم کا تعلق شکارپور سے تھا اور وہ طویل عرصے سے کراچی میں مقیم تھے۔ ایک ہفتہ قبل انہیں اسپتال سے گھر منتقل کیا گیا تھا۔ آفتاب شعبان میرانی پیپلز پارٹی کے انتہائی سینئر رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ان کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کیا اور کہا کہ میرانی صاحب ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے قریبی ساتھیوں میں سے تھے۔ گزشتہ ہفتے وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی اسپتال میں ان کی عیادت کی تھی۔