بھاری چالان سے پریشان موٹرسائیکل سواروں کے لیے ایک بڑی خوشخبری

حکومت سندھ شہر قائد کراچی میں موٹر سائیکل سواروں پر عائد بھاری چالان کم کرنے پر متفق ہو گئی ہے۔ کراچی میں ای چالانز سے متعلق سندھ اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس کی صدارت صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے کی ۔
اجلاس میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی کے مطالبے پر سندھ حکومت بائیک کے چالانز کم کرنے پر متفق ہوگئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ 1000 سی سی تک کی گاڑیوں کےجرمانوں میں کمی کی جائے گی۔
معاملے پر اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشیدی کا کہنا تھا کہ صرف جرمانے بڑھانا ٹریفک مسائل کا حل نہیں ہے۔ جرمانوں کے ساتھ فعال ٹریفک سگنلز اور واضح لین مارکنگ بھی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی بیشتر سڑکوں پر نہ لین مارکنگ ہے نہ سگنلز درست کام کر رہے ہیں، غریب اور متوسط طبقے پر غیر متناسب جرمانے ناانصافی ہیں،انفرا اسٹرکچر کی بہتری کے بغیر سخت جرمانے قابلِ قبول نہیں۔
علی خورشیدی کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کے نفاذ میں شفافیت اور اصلاح ضروری ہے، ہم نےشہرمیں بینرزنہیں لگائے بلکہ اس پرعملی کام کیا ہے،ہم ای چالان کے خلاف نہیں بلکہ بھاری جرمانوں کی کمی کے لیے کوشاں ہیں۔