گیس کی فراہمی 48 گھنٹوں کے لیے بند کرنے کا فیصلہ، کون سے صارفین متاثر ہوں گے؟

موسم سرما میں گیس کی بڑھتی طلب کے پیش نظر سوئی سدرن انتظامیہ نے نیا قدم اٹھا لیا ہے۔
ترجمان سوئی سدرن کا کہنا ہے کہ صنعتی صارفین، کیپٹو پاور پلانٹس اور سی این جی اسٹیشنز کو 48 گھنٹے کے لیے گیس کی فراہمی بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ گھریلو اور کمرشل صارفین کو بہتر پریشر دینے کے لیے صنعتوں کو 48 گھنٹے کے لیے گیس بند کی جارہی ہے۔
سوئی سدرن ترجمان نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک گیس بند رہے گی، گیس لوڈ مینجمنٹ شیڈول گھریلو اور کمرشل صارفین پر لاگو ہوگا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کی قلت پر سوئی سدرن کا اہم بیان آیا تھا۔
ایس ایس جی سی کا کہنا تھا کہ 2 گیس فیلڈز سے گیس کی ترسیل میں کمی کا سامنا ہوا ہے جس سے کچھ علاقوں میں گیس کی ترسیل متاثر ہوئی ہے۔
ترجمان ایس ایس جی سی کا کہنا تھا کہ گیس کی تعداد تقریباً 45 ایم ایم سی ایف ڈی ہے جس سے کراچی کے بعض علاقوں میں گیس پریشر کم ہے تاہم صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔