کراچی: لانڈھی میں 6 روز سے لاپتا والدین کا اکلوتا بیٹا زیادتی کے بعد قتل، بوری بند لاش برآمد

کراچی کے علاقے لانڈھی میں 7 سالہ سعد علی کی بوری بند لاش کچرا کنڈی سے برآمد ہوئی۔ سعد والدین کا اکلوتا بیٹا تھا جو 18 ستمبر کو چیز لینے گھر سے نکلا اور واپس نہ آیا۔ اہل خانہ نے تلاش کے بعد گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کرائی تھی۔
پولیس کے مطابق بچے کی لاش 5 سے 6 روز پرانی ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں جنسی زیادتی اور سر پر وزنی چیز لگنے سے موت کی تصدیق ہوئی ہے۔ بچے کے مختلف اعضا کے نمونے کیمیائی تجزیے کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں۔
اہل محلہ کے مطابق سعد 20 روپے لے کر دکان گیا تھا اور اس کے بعد واپس نہیں آیا۔ اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں، جبکہ بچے کی تدفین نماز ظہر کے بعد کر دی گئی۔ پولیس نے واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔