Urdu News

پاکستان میں پیٹرول بحران کا خطرہ ٹل گیا ! عوام کے لیے بڑی خوشخبری

کراچی: ایندھن سے بھرے متعدد جہازوں کی پاکستان آمد پر ملک میں فوری طور پر پیٹرول بحران کا خدشہ ختم ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا فوری خدشہ دم توڑ گیا، پورٹ قاسم انتظامیہ اور ترجمان نے بتایا کہ ایندھن سے بھرے متعدد جہاز پاکستان پہنچنا شروع ہو گئے ہیں، جس سے ملک بھر میں پیٹرول کی بلا تعطل فراہمی یقینی ہو سکے گی۔

پورٹ قاسم پر اس وقت ایندھن بردار جہازوں کی آمد کا رش ہے،ایم ٹی ناوے ایٹروپوس 50 ہزار میٹرک ٹن پیٹرول لے کر 9 مارچ کو پورٹ قاسم پہنچ چکا ہے۔

اس کے علاوہ ایم ٹی اسپروس ٹو پچپن ہزار ٹن پیٹرول کے ساتھ آج رات (10 مارچ) ساڑھے آٹھ بجے کراچی پہنچے گا اور ایم ٹی سی کلپر تقریباً 34 ہزار میٹرک ٹن پیٹرول لے کر کل (11 مارچ) دوپہر 12 بجے بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگا۔

گیسولین بردار جہاز ‘ایم ٹی ٹورم دامینی’ پہلے ہی فوٹکو ٹرمینل پر لنگر انداز ہو چکا ہے، جبکہ فجیرہ سے آنے والا ایک جہاز بھی پہنچ چکا ہے۔

ترجمان پورٹ قاسم کے مطابق ایک اور جہاز عمان سے پاکستان کے لیے روانہ ہو چکا ہے، جبکہ مزید دو جہازوں کی معلومات جلد جاری کی جائیں گی۔

مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باوجود پاکستان کے لیے ایندھن کی سپلائی لائن بحال ہے اور مزید جہازوں کی آمد بھی متوقع ہے۔

پیٹرول سے بھرے ان جہازوں کی آمد کے بعد مارکیٹ میں پھیلا ہوا خوف اور قلت کا خدشہ ختم ہو گیا ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان جہازوں سے حاصل ہونے والا اسٹاک ملک کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہے اور ذخیرہ اندوزی یا قلت کی کوئی گنجائش نہیں رہے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *