قیامت خیز گرمی کی لہر کو بریک لگنے کا امکان، بارشوں کی پیشن گوئی

قیامت خیز گرمی کی لہر کو بریک لگنے کا امکان، بارشوں کی پیشن گوئی، 11 سے 13 جون کے دوران مختلف علاقوں میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہونے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے 11 سے 13 جون کے دوران پنجاب کے مختلف علاقوں میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کے ساتھ ساتھ بعض مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں کمی اور گرمی کی شدت میں قدرے کمی متوقع ہے۔ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی آج سے 13 جون کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا۔ اس دوران چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش اورژالہ باری متوقع ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک میں بھی بارش اور آندھی کا امکان ہے۔بارشوں کے باعث بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ بارشوں کے باعث چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، ایبٹ آباد اور کوہستان میں فلیش فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔ بارشوں کے باعث میدانی علاقوں پشاور، مردان اور نوشہرہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، تیز ہواؤں اور ڑالہ باری سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان کا اندیشہ ہے صوبے بھر میں کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ، کسانوں کو حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔