Urdu News

رمضان میں ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کیلئے بڑی خوشخبری

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) راولپنڈی میں ماہِ رمضان کے دوران ڈرائیونگ لائسنس کے حصول سے متعلق شہریوں کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے،

جہاں صرف اصل قومی شناختی کارڈ کی بنیاد پر لائسنسنگ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔حکام کے مطابق رمضان المبارک میں بھی لائسنسنگ مراکز معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں اور سروسز کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم نے بتایا کہ رواں ماہ اب تک 67 ہزار 300 سے زائد شہریوں کو مختلف لائسنسنگ خدمات فراہم کی جا چکی ہیں، جبکہ 13 ہزار 500 سے زیادہ افراد کو نئے ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ موٹر سائیکل سواروں کو خصوصی سہولت دیتے ہوئے ایک ہی روز میں لرنر پرمٹ اور مستقل لائسنس جاری کیا جا رہا ہے۔ افطار کے اوقات میں مراکز پر موجود افراد کے لیے افطاری کا بھی انتظام کیا گیا ہے تاکہ روزہ داروں کو کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔

فرحان اسلم کا کہنا تھا کہ شہری ہمارے لیے معزز مہمانوں کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی خدمت ہمارے لیے اعزاز ہے۔ ان کے مطابق لائسنس کا اجراء مکمل میرٹ اور باوقار انداز میں یقینی بنایا جا رہا ہے، جبکہ ڈرائیونگ کے دوران لائسنس کا ہمراہ ہونا ذمہ دار اور پراعتماد ڈرائیور کی علامت ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *