Pakistan

یا اللہ رحم : پاکستان میں کالی بارش کب سے؟ محکمہ موسمیات نے بڑی خبر دے دی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ایران میں تیل کی تنصیبات پر حالیہ شدید بمباری کے بعد  ماحول میں غیر معمولی آلودگی پیدا ہو گئی ہے، جبکہ خطے کے دیگر ممالک میں بھی ممکنہ موسمی اثرات کے حوالے سے تشویش ظاہر کی جا رہی ہے، ماہرین کے مطابق اس صورتحال کے باعث مغربی ہواؤں کے ذریعے آلودہ ذرات پاکستان کے بعض علاقوں تک پہنچنے کا امکان پیدا ہو سکتا ہے۔

 محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ایران کی سمت سے آنے والی مغربی ہوائیں آئندہ چند دنوں میں پاکستان میں داخل ہوں گی، جن کے ساتھ فضا میں موجود آلودہ ذرات بھی منتقل ہو سکتے ہیں، تاہم ادارے نے واضح کیا ہے کہ پاکستان میں” کالی بارش” ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے،احتیاطی اقدامات کے طور پر محکمہ موسمیات نے اپنے علاقائی دفاتر کو ہدایت کی ہے کہ اگر بارش ہو تو اس کے نمونے جمع کرکے لیبارٹری میں تجزیے کے لیے بھیجے جائیں۔

یاد رہے کہ ایران پر جاری حملوں کے دوران اسرائیل اور امریکا کی جانب سے تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے بعد تہران میں شدید فضائی آلودگی کی اطلاعات سامنے آئیں۔

 بعض رپورٹس کے مطابق وہاں آسمان پر سیاہ بادل چھا گئے اور بارش کے پانی میں تیل کے ذرات کی آمیزش دیکھی گئی، جس سے مقامی سطح پر ماحولیاتی خدشات پیدا ہوئے ہیں، اسی صورتحال کے پیش نظر ہمسایہ ممالک میں بھی ممکنہ اثرات کے بارے میں بحث جاری ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج کے موسمی حالات کے بارے میں بتایا ہے کہ اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں چترال، دیر، سوات، کوہستان اور شانگلہ میں کہیں کہیں تیز اور موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے، اسی طرح بٹگرام، بونیر، مالاکنڈ، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بھی چند مقامات پر شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر، مہمند، پشاور، صوابی، مردان اور چارسدہ میں بھی بارش متوقع ہے جبکہ نوشہرہ، بنوں، اورکزئی، کرم، کوہاٹ اور ہنگو میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

پنجاب میں راولپنڈی، اٹک، چکوال، میانوالی اور جہلم میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے،مری اور گلیات کے علاقوں میں بھی ابر آلود موسم کے ساتھ بارش اور ژالہ باری متوقع ہے، جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں موسم زیادہ تر خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

سندھ کے بیشتر علاقوں میں آج موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی خشک موسم کی توقع ہے۔ تاہم ژوب، قلعہ عبداللہ اور پشین میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *