آبنائے ہرمز میں سپلائی کی بحالی،تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی

عالمی منڈی میں منگل کے روز تیل کی قیمتوں میں ایک فیصد سے زیادہ کمی دیکھی گئی، جس سے گزشتہ سیشن کی گراوٹ کا سلسلہ بھی جاری رہا، یہ کمی اس وقت سامنے آئی جب امریکہ اور ایران کے درمیان امن مذاکرات کے بعد آبنائے ہرمز کے ذریعے خام تیل کی ترسیل بحال ہونے کے اشارے ملے۔
برینٹ کروڈ فیوچرز کی قیمت 1.09 ڈالر (1.4 فیصد) کمی کے بعد 76.81 ڈالر فی بیرل ہو گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) 87 سینٹ (1.2 فیصد) کمی کے ساتھ 72.99 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔
پیر کے روز بھی تیل کی قیمتوں میں 3 فیصد سے زیادہ کمی ہوئی تھی، جب امریکہ نے ابتدائی امن مذاکرات کے بعد ایران کو 60 روزہ پابندیوں سے استثنیٰ دیا، اس کے علاوہ لبنان میں کشیدگی میں کمی کے بھی اشارے ملے۔
انجی (ING) کے تجزیہ کاروں کے مطابق آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل میں بتدریج اضافہ مارکیٹ پر دباؤ ڈال رہا ہے۔
جہاز رانی کے اعداد و شمار کے مطابق پیر کے روز دو خام تیل بردار جہاز، جن میں تقریباً 2 ملین بیرل تیل موجود تھا، آبنائے ہرمز سے گزرے، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ وہاں ٹریفک میں بہتری آ رہی ہے