ایرانی گلوکارہ کو بغیر حجاب پرفارمنس پر 74 کوڑوں اور پابندیوں کی سزا

ایران کی معروف گلوکارہ Parastoo Ahmadi ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق انہیں اور ان کی ٹیم کے 8 ارکان کو ایک آن لائن موسیقی پروگرام کے بعد 74، 74 کوڑوں کی سزا، دو سالہ سفری پابندی اور دو سال تک فنی سرگرمیوں سے روکنے کا حکم سنایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گلوکارہ نے 2024 میں ایک کنسرٹ کی ویڈیو آن لائن نشر کی تھی، جس میں وہ بغیر حجاب پرفارم کرتی نظر آئی تھیں۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا اور یوٹیوب پر لاکھوں افراد نے دیکھی، جس کے بعد ایرانی حکام نے اسے عوامی اخلاقیات کے خلاف قرار دیتے ہوئے قانونی کارروائی شروع کی۔
عدالتی فیصلے کے مطابق گلوکارہ اور ان کی ٹیم پر دو سال تک ملک سے باہر سفر کرنے اور فنی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ انسانی حقوق کی متعدد تنظیموں اور کارکنوں نے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے اظہارِ رائے اور فنکارانہ آزادی کے خلاف قرار دیا ہے۔
یہ معاملہ سوشل میڈیا پر بھی زیرِ بحث ہے، جہاں مختلف حلقے اس فیصلے کے حق اور مخالفت میں اپنی آراء کا اظہار کر رہے ہیں